کوئی کشمیریوں کاجذبہ حریت دبا نہیں سکتا:مجسم زرخیز
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )انصاف لائرز فورم کے ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی ہمارے لیے محض ایک سیاسی عمل نہیں بلکہ دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے ، 5اگست 2019کا دن تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کر کے کشمیری عوام کے حقوق پر کھلا ڈاکہ ڈالا، دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی، پاکستان ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی اعتبار سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ5اگست جموں و کشمیر کی جدید تاریخ کا سب سے غیر قانونی، غیر آئینی اورالمناک دن ہے ۔ 5اگست 2019کو بی جے پی اور آر ایس ایس کی بھارتی حکومت نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور اس کے عوام کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا۔ یومِ استحصال کشمیر نہ صرف مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے بلکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments