شہر اقبال کو محفوظ بنانے کیلئے روشن سیالکوٹ مہم کا آغاز
سٹریٹ لائٹس کی 100فیصد بحالی کیلئے چیف آفیسر کی جانب سے انتظامات کا جائزہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہرِ اقبال کو روشن، محفوظ اور خوبصورت بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ نے خصوصی ’’روشن سیالکوٹ مہم‘‘کا آغاز کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میاں سرمد حسین کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے کچا شہاب پورہ روڈ کا دورہ کیا اور سٹریٹ لائٹس کی 100 فیصد بحالی کے لیے شروع کی گئی 60 روزہ خصوصی مہم کے انتظامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیف آفیسر زبیر وٹو نے بتایا کہ مہم کا باقاعدہ آغاز شہاب پورہ اور نیکا پورہ کی یونین کونسلز سے کر دیا گیا ہے جسے مرحلہ وار میونسپل کارپوریشن کی تمام حدود تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میونسپل کارپوریشن کی حدود میں تقریباً 2 ہزار سٹریٹ لائٹس غیر فعال ہیں جنہیں 60 روز کے اندر مکمل طور پر فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شعبہ سٹریٹ لائٹس کا عملہ ضروری مشینری، نئی لائٹس اور دیگر ساز و سامان کے ساتھ روزانہ دو یونین کونسلز میں کام کرے گا،کسی بھی یونین کونسل میں کام مکمل کیے بغیر عملہ اگلے علاقے میں منتقل نہیں ہوگا تاکہ ہر یونین کونسل میں سو فیصد اسٹریٹ لائٹس بحال کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments