تمام نجی تعلیمی ادارے 22اگست تک بند رکھنے کے احکامات
کسی علاقے میں نجی تعلیمی ادارہ کھلا پایا گیا تو ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہو گی
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )گوجرانوالہ کے تمام نجی تعلیمی ادارے 22 اگست تک بند رکھنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ،بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد ضلع گوجرانوالہ کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو 22 اگست تک بند رکھنے کے احکامات جاری کر د ئیے گئے ہیں اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل ایلیمنٹری) گوجرانوالہ سبطین مظہر نے ضلع بھر کے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسران (میل و فی میل) کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ہدایات کے مطابق نوشہرہ ورکاں سمیت ضلع بھر میں کوئی بھی نجی تعلیمی ادارہ کھلا نہیں رہے گاتمام متعلقہ افسر وں کو اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ وزٹ کرکے اس بات کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی پرائیویٹ سکول میں تدریسی سرگرمیاں جاری نہ ہوں اس دوران جی پی ایس کیمرے سے تصاویر لے کر فوری طور پر متعلقہ فورم پر شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں کوئی نجی تعلیمی ادارہ کھلا پایا گیا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر پر عائد ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments