وزیر آباد ریلوے سٹیشن کی عمارت میں دراڑیں:چھتیں ٹپکنے لگیں بارشی پانی داخل
سگنل لیور ، گیج روم ،دفتری و سروس عمارتوں میں عملے کو مشکلات ‘اہم ریکارڈ اور برقی آلات کو نقصان کا خدشہ‘شکایات کے با وجود موثر اقدامات نہ کئے جاسکے
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سگنل لیور روم اور ریلوے سٹیشن کی دیگر بو سیدہ عمارتیں بارشوں میں ٹپکنے لگیں۔وزیرآباد ریلوے سٹیشن کی تاریخی عمارتیں مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بوسیدہ ہو گئیں ،حالیہ مون سون بارشوں کے دوران ریلوے سٹیشن کے گیج روم سمیت دیگر دفتری و سروس عمارتوں کی چھتیں متعدد مقامات سے ٹپکنے لگیں جسکے باعث عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اہم ریکارڈ اور برقی آلات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق کئی عمارتوں کی چھتوں، دیواروں اور پلستر میں دراڑیں واضح ہو چکی ہیں اور بارش کا پانی اندر داخل ہونے سے کمروں میں نمی بڑھ گئی ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ حکام کو عمارتوں کی مرمت اور بحالی کیلئے آگاہ کیا گیا مگر کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے ۔شہریوں اور مسافروں نے بھی ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد ریلوے سٹیشن کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سگنل لیور روم اور دیگر بوسیدہ عمارتوں کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ بارشوں کے دوران مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عمارتوں کی خستہ حالی کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔ شہریوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد ریلوے سٹیشن کی عمارتوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments