سرکاری نرخ نظرانداز، برائلرگوشت 620روپے کلو فروخت
ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کرے :شہری
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کے بعد دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے نرخ مقرر کر لیے ۔ دکاندار برائلر گوشت 620 روپے فی کلو جبکہ زندہ مرغی 470 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے برائلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 577 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے ، تاہم دکاندار اسے 620 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح زندہ مرغی کا سرکاری نرخ 360 روپے فی کلو ہے ، جبکہ بازار میں اسے 470 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے ۔ دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے آویزاں تو کر رکھے ہیں، لیکن شہریوں کے مطابق شہر میں کسی بھی جگہ مقررہ نرخوں پر گوشت دستیاب نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ اور سرکاری نرخوں پر مرغی کے گوشت کی فروخت یقینی بنائے ۔ دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں پولٹری فارمز سے سرکاری نرخوں کے مطابق برائلر مرغی دستیاب نہیں ہوتی، اس لیے وہ مقررہ قیمت پر فروخت نہیں کر سکتے ۔ جب پولٹری فارمز سے مرغی کم قیمت پر ملے گی تو وہ بھی نرخ کم کر دینگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments