وزیر آباد:شہری سموگ سے بچیں:ڈاکٹر محمد رفیق، باذل
گھروں ،دفاتر سے باہر نکلتے وقت معیاری فیس ماسک استعمال کیاجائے
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سینئر نائب صدر پی ایم ڈی سی کیپٹن (ر) ڈاکٹر محمد رفیق فضل اور ڈاکٹر باذل رفیق نے کہا ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ فضائی آلودگی انسانی صحت بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے ۔ سموگ کے موسم میں صحت کا خصوصی خیال رکھنا اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکلتے وقت معیاری فیس ماسک استعمال کریں، آنکھوں کو دھوئیں اور گردوغبار سے محفوظ رکھیں اور زیادہ فضائی آلودگی کے اوقات میں کھلی فضا میں ورزش، جاگنگ اور غیر ضروری جسمانی مشقت سے پرہیز کریں۔ بچوں، بزرگوں اور دمہ یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کرنی چاہیے ۔کیپٹن (ر) ڈاکٹر محمد رفیق فضل اور ڈاکٹر باذل رفیق نے کہا کہ سموگ کے دوران آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور سینے میں بوجھ محسوس ہو تو فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔ مریض اپنی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں اور ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر علاج میں تبدیلی نہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments