علی پورچٹھہ میں طبی فضلے کی غیرمحفوظ تلفی کا انکشاف

علی پورچٹھہ میں طبی فضلے کی غیرمحفوظ تلفی کا انکشاف

غیرمحفوظ عمل سے ہیپاٹائٹس، ایڈز ودیگر متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) علی پورچٹھہ میں طبی فضلے کی غیرمحفوظ تلفی کا انکشاف، استعمال شدہ سرنجوں اور ڈرپس کی مبینہ ری سائیکلنگ کا دھنداعروج پر پہنچ گیا، شہریوں میں تشویش، غیرمحفوظ عمل سے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور دیگر متعدی امراض پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کا الزام ہے کہ علی پورچٹھہ کے بعض طبی یونٹس میں استعمال شدہ ڈرپس، انجکشنز، سرنجیں اور زائدالمیعاد ادویات کو علیحدہ محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے بجائے عام کوڑے میں پھینک دیا جاتا ہے ۔ بعدازاں کچرا اُٹھانے والے یہ فضلہ اٹھا کر مبینہ طور پر مقامی کباڑ خانوں میں فروخت کر دیتے ہیں جہاں سے اسے دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کیلئے ری سائیکل کیے جانے کی شکایات ہیں۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر استعمال شدہ طبی سامان دوبارہ مارکیٹ میں پہنچ رہا ہے تو یہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔یہ معاملہ اس وقت مزید تشویش کا باعث بن گیا جب چند روز قبل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول علی پورچٹھہ میں مبینہ طور پر طبی فضلے سے بھرا بیگ جانور کے ذریعے سکول کے اندر پہنچ گیا تھا۔ واقعے کے بعد طالبات، والدین اور شہری حلقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں اور تبصرے بھی سامنے آئے ۔ سکول انتظامیہ پہلے ہی طبی فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے اور سکول کے گیٹ کے قریب نصب کوڑا دان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکی ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام نجی و سرکاری طبی مراکز میں طبی فضلے کی علیحدہ محفوظ ذخیرہ اندوزی اور تلفی یقینی بنائی جائے ، کباڑ خانوں میں استعمال شدہ سرنجوں اور طبی سامان کی خرید و فروخت کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...