حافظ آباد :کوٹ کاشی راجباہ میں شگاف ، زرعی اراضی زیر آب
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) حافظ آباد کے علاقہ پریم کوٹ میں کوٹ کاشی راجباہ میں شگاف پڑنے سے بیسیوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ گئی،
جس کے نتیجے میں کسانوں اور زمینداروں کی کاشت کردہ گندم کی لاکھوں روپے مالیت کی فصل تباہ ہو گئی۔ محکمہ ایریگیشن کے افسران مبینہ غفلت کے باعث بروقت شگاف پر کرنے میں ناکام رہے ، جس پر متاثرہ کسانوں اور زمینداروں نے شدید احتجاج کیا۔متاثرہ کسانوں کا کہنا تھا کہ وہ شگاف پڑنے کے بعد مسلسل محکمہ ایریگیشن کے متعلقہ افسران سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے ، لیکن کسی نے ان کی فون کالز تک اٹینڈ نہ کیں۔ بروقت شگاف پر نہ کیے جانے کے باعث پانی کھیتوں میں پھیلتا رہا اور ان کی لاکھوں روپے مالیت کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔کسانوں اور زمینداروں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ ایریگیشن کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ ایریگیشن کے اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے ، شگاف بند کروانے ، فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments