سیالکوٹ:فیکٹری میں ورکرز200، اندراج صرف20کا
محکمہ لیبر کی مبینہ بدعنوانیوں کے انکشاف، غیرجانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر، ) سیالکوٹ میں محکمہ لیبر کی مبینہ بدعنوانیوں کا انکشاف، مزدوروں کے حقوق خطرے میں پڑ گئے ،فیکٹری میں 200مزدور کام کر رہے ہیں جبکہ سرکاری ریکارڈ میں صرف 20کا اندراج، اعلیٰ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ،ضلع سیالکوٹ میں محکمہ لیبر کی مبینہ غفلت اور فیکٹری مالکان سے ملی بھگت کے حوالے سے سنگین شکایات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک فیکٹری میں مبینہ طور پر 200مزدور کام کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ لیبر کے ریکارڈ میں صرف 20مزدوروں کا اندراج کیا گیا ہے ۔ باقی 180 مزدوروں کو سرکاری ریکارڈ میں شامل نہ کرنے پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔شکایات کے مطابق بعض متعلقہ اہلکار مبینہ طور پر فیکٹری مالکان سے رشوت وصول کرکے حقائق کے برعکس سب اچھا ہے کی رپورٹ مرتب کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں مزدوروں کے قانونی حقوق، سوشل سکیورٹی اور دیگر مراعات متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔شہری و مزدور حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کی فیکٹریوں کا اچانک معائنہ کرایا جائے ، مزدوروں کی اصل تعداد اور محکمہ لیبر کے ریکارڈ کا موازنہ کیا جائے اور مبینہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف غیرجانبدارانہ انکوائری کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments