اسلام آباد ،4لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطر ے پلانے کا ہدف عبور
چار روزہ انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ،شہریوں کے تعاون کا شکریہ ، ڈپٹی کمشنر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد میں چار روزہ انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہو گئی، مہم کے دوران مقررہ ہدف 4 لاکھ 61 ہزار 125 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف عبور کر لیا گیا ۔انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، مہم کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ انکاری کیسز اور پولیو ورکرز کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے کامیاب انعقاد پر پولیو ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ورکرز نے گھر گھر جا کر شہر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جو قابل تحسین ہے ۔ شہریوں کے ساتھ مل کر ہی پولیو کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔