عازمینِ حج کیلئے تربیتی پروگرام شروع، 200 مراکز قائم
اسلام آباد میں 16 سے 21 جنوری تک عازمین کو تربیت دی جائے گی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )مناسکِ حج اور دیگر انتظامی امور سے آگاہی کے لئے وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے لئے تربیتی سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ وزارتِ مذہبی امور کے تحت ملک بھر میں قائم کئے گئے 200 تربیتی مراکز میں یہ عمل 14 فروری تک جاری رہے گا،ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ہر حاجی کے لئے مناسکِ حج اور انتظامی امور سے متعلق آگاہی حاصل کرنا ضروری ہو گا۔ تربیتی سیشن کا دورانیہ صبح ساڑھے نو سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ہو گا۔شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں قائم مراکز میں 16 سے 21 جنوری تک تربیت دی جائے گی، جبکہ کراچی میں تربیتی سلسلہ 17 جنوری سے یکم فروری تک جاری رہے گا۔ پشین اور نوشہرہ میں 22 جنوری، پشاور میں 23 اور 24 جنوری کو تربیتی سیشن ہوں گے ۔لاہور میں 28 جنوری سے 3 فروری تک، بہاولپور میں 28 جنوری اور رحیم یار خان میں 30 جنوری کو تربیتی سیشن ہوں گے ۔ گجرات میں یکم فروری، ڈی جی خان میں 2 فروری، چارسدہ میں 6 فروری جبکہ سرگودھا میں 6 سے 7 فروری کو تربیتی سیشن منعقد کئے جائیں گے ۔ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں 6 سے 8 فروری، سوات اور شیخوپورہ میں 9 فروری، ملتان میں 7 سے 11 فروری جبکہ سیالکوٹ اور صوابی میں 13 فروری کو تربیتی سیشن ہوں گے ۔ پہلے تربیتی مرحلے کا آخری سیشن 13 اور 14 فروری کو فیصل آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تر بیت کا دوسرا مرحلہ عیدالفطر کے بعد شروع ہو گا جو آخری حج پرواز کی روانگی تک جاری رہے گا۔