بلدیاتی الیکشن کا التوا،جماعت اسلامی اسلام آباد کاآج اجلاس طلب
اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے سیاسی و قانونی لائحہ عمل طے کیا جا ئیگا حکمران عوام کو بااختیار بنانے سے خوفزدہ ہیں ، نصراللہ رندھاوا کی وکلا سے گفتگو
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے ایک بار پھر التوا پر جماعتِ اسلامی اسلام آباد کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا جس میں آئندہ کے سیاسی و قانونی لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن جمہوری اقدار کی صریحا ً نفی ہے ، حکومت اور الیکشن کمیشن نے ملی بھگت کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کو جان بوجھ کر ملتوی کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میں وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ عوام کو بااختیار بنانے سے خوفزدہ حکمران بلدیاتی نظام سے راہ فرار اختیار کر ر ہے ہیں ،غیر منتخب افسر شاہی کو مسلط رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے سیاسی اور قانونی محاذوں پر جدوجہد جا ری رکھے گی ۔
جماعت اسلامی