راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کا اجلاس، تحفظِ ناموسِ رسالتؐ قرارداد منظور
سوشل میڈیا پرتوہین آمیز موادکی کڑی نگرانی اور شعور ناگزیر ہے :مقررین کا خطاب
راولپنڈی ( خبر نگار ) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے حوالے سے قائداعظم ہال میں اہم اجلاس ہوا، جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ساجد اعوان، نائب صدر شازیہ یاسین ہاشمی، سیکرٹری بار قمر الحق خان نیازی، جوائنٹ سیکرٹری احسن سلیم منج، ممبر پنجاب بار کونسل شاہد عباسی، صدر ہائیکورٹ بار سعید یوسف خان، احسان ستی، شہزاد ثمر اور ملک صالح ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس امر پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کہ نئی نسل سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والے توہین آمیز مواد اور اس کے سنگین نتائج سے اکثر ناواقف ہوتی ہے ۔ اس حوالے سے مؤثر آگاہی اور کڑی نگرانی ناگزیر ہے۔ مقررین نے مزید کہا آقا حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ناموس اور حرمت کے معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں۔ توہینِ رسالتؐ سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے۔ اجلاس میں اس حوالے سے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی۔