جہلم:غفلت، ڈسپلن خلاف ورزی، 20 پولیس اہلکاروں کو سزائیں
کرپشن اور لاپرواہی پر ایک پولیس اہلکار برطرف، 3کی سروس ضبط، 4پر جرمانہ
کھیوڑہ(نمائندہ دنیا) جہلم پولیس نے ڈسپلن کی خلاف ورزی اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 20 پولیس افسران و اہلکاروں کو مختلف سزائیں سنا دیں۔ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پر 20 پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایک پولیس اہلکار کو کرپشن کے مقدمہ میں ملوث ہونے پر ملازمت سے برطرف، تین اہلکاروں کی سروس ضبط کی گئی، ایک اہلکار کی پروموشن روک دی گئی، 4اہلکاروں پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 11اہلکاروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔ ڈی پی او جہلم نے کہا محکمہ پولیس میں ڈسپلن اور ذمہ داری اولین ترجیح ہے ، ڈیوٹی میں غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔