سی ڈی اے ملازمین کا عید الاؤنس روکنے کیخلاف احتجاج، دھرنا
مظاہرین ممبر انجینئرنگ کی گاڑی سامنے لیٹ گئے ، انتظامیہ کے خلاف نعرے مختلف شعبوں میں کام مکمل بند، الاؤنس بحالی تک احتجاج جاری رہے گا:مظاہرین
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) عید الاؤنس روکے جانے کے خلاف سی ڈی اے ملازمین نے منگل کو شدید احتجاج کیا۔ ہزاروں ملازمین سی ڈی اے چیئرمین بلاک کے سامنے جمع ہوئے اور دھرنا دیا جس کے باعث ادارے کے مختلف شعبہ جات میں کام مکمل طور پر معطل ہو گیا۔ مزدور یونین کی کال پر تمام ڈائریکٹوریٹس کے ملازمین نے احتجاج میں شرکت کی اور عید الاؤنس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے کی گاڑی کو روک لیا جبکہ متعدد ملازمین گاڑی کے سامنے لیٹ گئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ عید الاؤنس منظور ہو چکا تھا اور چیکس بھی تیار تھے لیکن انتظامیہ نے آخری وقت پر ادائیگی روک دی۔ ملازمین کے مطابق ممبر ایڈمنسٹریشن نے الاؤنس نہ روکنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ملازمین کا کہنا تھا مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، بڑی تعداد میں پولیس نفری موقع پر موجود رہی۔ ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات نہ ہو سکے کیونکہ چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ایڈمنسٹریشن دفتر میں موجود نہیں تھے ، جس پر مظاہرین نے اعلان کیا کہ الاؤنس کی بحالی تک احتجاج جاری رہے گا۔