روانڈا میں توتسی کے خلاف نسل کشی کی یادگاری تقریب
چیئرمین سینیٹ کی بطور مہمان خصوصی شرکت ،روانڈا کے عوام کو خراج تحسین
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے روانڈا کی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام روانڈا میں توتسی کے خلاف نسل کشی کی 32ویں برسی کے موقع پر منعقدہ یادگاری تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ نے 1994 کی اس ہولناک سانحے کو حالیہ انسانی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض سو دنوں کے اندر دس لاکھ سے زائد بے گناہ افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا، جس کے نتیجے میں بے شمار خاندان اجڑ گئے اور معاشرے گہرے زخموں سے دوچار ہوئے۔
انہوں نے اس موقع پر روانڈا کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس دکھ کو بخوبی محسوس کرتے ہیں ،چیئرمین سینیٹ نے روانڈا کے عوام کی جرات، استقامت اور قومی تعمیر نو کے قابلِ ستائش سفر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا نے شدید دکھ اور تکلیف کو اتحاد، مفاہمت اور ترقی کی ایک روشن مثال میں تبدیل کر دیا ہے ، جو پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات کی یاد صرف سوگ کا اظہار نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اور عملی اقدامات کی دعوت بھی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نفرت، اگر بروقت روکی نہ جائے ، تو تباہ کن نتائج کا باعث بنتی ہے، جبکہ برداشت، انصاف اور یکجہتی امن اور بحالی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اداروں کو مضبوط بنانے ، شمولیتی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے اور رواداری و بقائے باہمی کی ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔