فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے فوری ،مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت
وقتی اور جزوی اقدامات کے بجائے سائنسی بنیادوں پر ایک مربوط نظام بنانا ہوگا ،ماہرین
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ سموگ کی وجوہات پیچیدہ اور متعدد ہیں، تاہم فصلوں کی باقیات جلانا، صنعتی اخراج، ٹرانسپورٹ کا دھواں اور کمزور نفاذی نظام مسئلے کو مزید سنگین بنا رہے ہیں،پنجاب میں فضائی آلودگی اور خطرناک سموگ کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کیلئے فوری اور مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے ،یہ باتیں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام ایک اعلیٰ سطح کے کثیر فریقی مکالمے میں کہی گئیں جس میں ماہرین، پالیسی سازوں اور عملی میدان سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وقتی اور جزوی اقدامات کے بجائے سائنسی بنیادوں پر ایک مربوط، طویل المدتی اور قابلِ عمل حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہے تاکہ نہ صرف فضائی معیار بہتر ہو بلکہ کسانوں کی معاشی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جا سکے ۔