ممکنہ بارشیں، متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا
مری، ملحقہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کلیئرنس کیلئے مشینری تیار رکھنے کی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) مری اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں متوقع بارش کے پیش نظر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ عوام کے تحفظ اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنایا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ مری اور ملحقہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کلیئرنس کیلئے تمام مشینری مکمل طور پر فعال اور ہر وقت تیار رکھی جائے۔ کسی بھی لینڈ سلائیڈ یا سڑک بند ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کیلئے ریسپانس ٹیمیں موجود رہیں تاکہ آمدورفت میں رکاوٹ نہ آئے۔
سڑکوں پر بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور نکاسی آب کے تمام نظام مکمل طور پر فعال رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے اور انفراسٹرکچر کو نقصان نہ پہنچے۔ بلڈنگ وِنگ کو خصوصی ہدایت کی گئی کہ تمام سرکاری عمارتوں خصوصاً ہسپتالوں کی چھتوں کا معائنہ کیا جائے اور ان کی ساختی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔