بھارت عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ،حریت کانفرنس
جموں و کشمیر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ،سیاسی مستقبل کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے ،مشترکہ بیان
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنماؤں سید یوسف نسیم، راجہ خادم حسین اور شیخ عبد الماجد نے کہا ہے کہ ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی حمایت یافتہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کر کے غیر کشمیریوں کو بسانا چاہتی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ان مذموم منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے جس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین اور بین الاقوامی ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ بھارت ایک جانب کشمیری عوام کی نسل کشی کے بہیمانہ عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دوسری جانب دس لاکھ سے زائد فوجیوں کی تعیناتی کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کو سلب کر رکھا ہے ۔