پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 200لٹر مضر صحت آمیزہ تلف
روات جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران گندے انڈوں سے تیار کیا گیا آمیزہ برآمد کیا گیا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے روات جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران گندے انڈوں سے تیار کیا گیا آمیزہ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔ ترجمان اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک معروف انڈے سپلائی کرنے والی کمپنی کی گاڑی کو روک کر چیک کیا گیا جس میں موجود نیلے ڈرموں سے تقریباً 3ہزار خراب اور مضرِ صحت انڈوں سے تیار کیا گیا 200لٹر آمیزہ برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آمیزہ راولپنڈی شہر کی مختلف بیکریوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو سپلائی کیا جانا تھا تاکہ اسے بیکری مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاسکے۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام آمیزہ موقع پر تلف کر دیا جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ کمپنی کو 50ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث بڑی مقدار میں مضرِ صحت خوراک شہریوں تک پہنچنے سے روک لی گئی، جس سے عوام کی صحت کو ممکنہ خطرات سے بچایا جاسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments