متوقع بارشیں، نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کمشنر کراچی کا متعلقہ اداروں کو نکاسی آب اور ہنگامی انتظاماتمکمل رکھنے کا حکم نالوں میں کچرا پھینکنے کے واقعات کا نوٹس ،حکام موثراقدامات کریں،کمشنر کی ہدایت
کراچی(این این آئی)شہر قائد میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز، کنٹونمنٹ بورڈز، پی ڈی ایم اے اور کے الیکٹرک کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور دیگر متعلقہ ادارے برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
حکام نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، جبکہ پانی کی نکاسی کے لیے پمپس، مشینری اور عملے کی تعیناتی کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے ۔سید حسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا خود معائنہ کریں اور جہاں رکاوٹیں ہوں وہاں متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری حل یقینی بنائیں۔کمشنر کراچی نے برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ، بلدیہ عظمیٰ اور ٹاؤن انتظامیہ موثر اقدامات کریں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بارشوں کے دوران کرنٹ سے حادثات کی روک تھام کے لیے کے الیکٹرک مربوط اقدامات کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments