واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فعال کرنے کا ٹاسک،انتظامیہ کو ڈیڈ لائن
مقررہ میعادمیں غیر فعال پلانٹس کی مرمت ،اپ گریڈیشن ، مشینری بحال کی جائے ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم
ملتا ن( وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر کے واٹر پیوری فکیشن پلانٹس کو مکمل فعال کرنے کا ٹاسک دیا ہے اس سلسلے میں صاف پانی کمپنی سمیت متعلقہ محکموں کو تمام واٹر پیوری فکیشن پلانٹس کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ محسن نثار اور ضلعی افسروں نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو ہدایت کی کہ غیر فعال پلانٹس کی فوری مرمت، اپ گریڈیشن اور ضروری مشینری کی بحالی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ ہر شہری کو معیاری پینے کا پانی میسر آ سکے ۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت جیل ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کی جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، جیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور علاج معالجے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قیدیوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس کے دوران جیل ہسپتالوں میں ادویات، طبی آلات اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments