جنوبی پنجاب کا آم عالمی منڈیوں میں پاکستانی پہچان ،فواد ہاشم
ڈی ایچ اے میں مینگو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب، پیکجنگ بہتر بنانے کاعزم
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا آم اپنی مٹھاس اور منفرد ذائقے کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے ، جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری پیکجنگ اور مؤثر مارکیٹنگ کے ذریعے آم کی برآمدات میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ڈی ایچ اے ملتان میں منعقدہ دو روزہ مینگو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لئے آم کی پیکجنگ کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ناگزیر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کا اشتراک کاشتکاروں کے لئے سودمند ثابت ہوگا، جبکہ خطے کے زرعی اثاثے کو اجاگر کرنے پر ڈی ایچ اے ملتان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔اس سے قبل پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے ملتان بریگیڈیئر کاشف نعیم برکی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، جس کے بعد فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ فیسٹیول میں زرعی ماہرین، کاشتکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ جنوبی پنجاب کے باغات سے لائے گئے چونسا، انور رٹول، لنگڑا، سندھڑی اور دیگر اقسام کے آموں سمیت آم سے تیار کردہ مصنوعات کی نمائش بھی کی گئی۔بریگیڈیئر کاشف نعیم برکی نے کہا کہ ملتانی آم جنوبی پنجاب کی شناخت ہے اور اس ورثے کے فروغ کیلئے جدید تحقیق ناگزیر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments