اسمگلنگ کی بڑی کوششیں ناکام،ہیرے ، پلاٹینم بارز برآمد
ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے دو مسافروں سے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی موبائل فونز اوردیگر الیکٹرانک سامان بھی پکڑا گیاگرفتار ملزمان میں خاتون بھی شامل،کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج ،برآمد شدہ سامان سرکاری تحویل میں لے لیا گیا
کراچی(این این آئی) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے دو مسافروں کے خلاف الگ الگ کارروائیوں میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے ، پلاٹینم بارز، قیمتی موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک سامان برآمد کرکے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ دونوں مسافروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔کسٹمز حکام کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران دبئی سے آنے والے ایک مشکوک مسافر کو روک کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں اس کے قبضے سے 10 پلاٹینم بارز، مہنگے موبائل فونز اور دیگر قیمتی الیکٹرانک اشیا برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ سامان فوری طور پر ضبط کر کے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔دوسری کارروائی میں دبئی سے نجی فضائی کمپنی کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچنے والی ایک خاتون مسافر کی جانچ پڑتال کے دوران 229 قیراط کے قیمتی ہیرے برآمد کیے گئے ، جنہیں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
کسٹمز حکام نے ہیروں کو تحویل میں لے کر خاتون کو بھی گرفتار کر لیا۔کسٹمز حکام نے کہا کہ دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔ دبئی سے آنے والی پروازوں پر سخت نگرانی کے باعث اسمگلنگ کی یہ کوششیں ناکام بنائی گئیں۔حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ برآمد شدہ سامان سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے ممکنہ نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے ۔کسٹمز حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں قیمتی اشیا کی غیر قانونی ترسیل اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فضائی راستوں پر نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments