ڈی پی ڈی سی میں کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی ،کمشنر
ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ،مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائےمون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں ، سی او میونسپل کارپوریشن فیصل شہزاد سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ میں ڈرینج صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو وہاں کوئی چوکنگ نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ DPDC میں کرپشن کا کوئی عنصر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام سروس ڈیلیوری پوائنٹس پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
میونسپل کارپوریشن کے تحت راولپنڈی میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ مدت میں ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ شہر بھر میں کسی بھی جگہ غیر قانونی پرچی مافیہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے اور کاروباری مراکز کے باہر پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں۔ کمشنر نے مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ کمشنر راولپنڈی نے خصوصی ہدایت دی ہے کہ بارش کے دوران ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس یقینی بنائیں۔ ٹریفک پولیس بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھے اور نشیبی علاقوں میں متبادل راستوں کا بندوبست کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments