پولیس کریک ڈاؤن،267ملز م گرفتار،منشیات ،اسلحہ برآمد
2482افراد، 919گھروں، 446دکانوں، ہوٹلوں، 1902بائیکس ، گاڑیوں کی چیکنگ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ہفتے 267ملزموں کو گرفتار کرکے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔مختلف سرچ آپریشنز کے دوران 2482افراد، 919گھروں، 324دکانوں، 122ہوٹلوں، 1355موٹرسائیکلوں اور 547گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے، گرفتار ملزمان میں 180عدالتی مفرور، اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ شامل ہیں، جبکہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 87ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 7072گرام آئس، 4533گرام چرس، 3670گرام ہیروئن، 33بوتلیں شراب، مختلف بور کے 47پستول معہ ایمونیشن اور پانچ خنجر برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ مزید براں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے زونل ایس پیز کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں 49گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ سرچ آپریشنز کے دوران مزید جانچ پڑتال کیلئے 95مشکوک افراد، 128موٹرسائیکل اور گاڑیاں مختلف تھانوں میں منتقل کی گئیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ وفاقی پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments