ٹھٹھہ کی بروہی برادری کا تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

ٹھٹھہ کی بروہی برادری کا تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

زرداری پارٹی سے سندھ کے عوام نفرت کرنے لگے ہیں،صوبہ کرپشن کا گڑھ بن گیا ہے لوٹ کھسوٹ کے باعث سانحہ میوں پٹھائی میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں،عارف علوی

ٹھٹھہ،دھابیجی(نمائندگان دنیا )ٹھٹھہ ضلع کی بروہی برادری کی معزز شخصیت حاجی پیر بخش بروہی کے برادری سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لٹیروں کے ٹولے کا بہت جلد خاتمہ ہونے والا ہے ، میاں نواز شریف اینڈ کمپنی پاکستان کے عوام کے پیسے کھانے اور عوام کو بدترین حالات تک پہنچانے کے کیس میں جلد ہی سلاخوں کے پیچھے ہونگے ۔انہوں مزید نے کہا کہ زرداری پارٹی سے سندھ کے عوام نفرت کرنے لگے ہیں جس کا ثبوت سندھ میں پی ٹی آئی کے جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ہے ۔پی پی اب وفاق میں بیٹھنے کے خواب دیکھ رہی ہے جبکہ ان سے ایک صوبہ نہیں چل پارہا ۔گھارو سے نمائندے کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے گھارو میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران کہاکہ ایک جاگیردارنے سندھ میں جمہوریت کے نام پرصوبے کوکرپشن کاگڑھ بنادیاہے اور صوبے کے لوگ آج مفلسی کی زندگی بسرکرنے پر مجبورہیں۔ دیگرجماعتوں کے رہنما پی ٹی آئی میں اپنی مرضی سے شامل ہورہے ہیں ۔عمران خان کی مولاناسمیع الحق سے ملاقات کا مقصد مدرسوں میں بہتری لاناہے اور اس سے مدرسوں میں پڑھنے والے 24 لاکھ بچوں کے مستقبل کو تحفظ ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ سانحہ میوں پٹھائی میں لوگوں کی بڑی تعداد میں اموات کی وجہ پی پی کی کرپشن ہے ۔اسپتالوں میں علاج کی مناسب سہولیات نہیں جبکہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں پر لائف جیکٹ کی سہولت بھی نہیں تھی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں