سعودی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے عربی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام معزز مہمانوں کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب کے وفد کو خوش آمدید کہنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، سعودی عرب کی معیشت تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودیہ پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئےانتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے:سعودی نائب وزیرسرمایہ کاری

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب آئی ٹی، زراعت، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں ترقی کر رہا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کرنے کے لیے تیارہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ملکوں میں شامل ہے، سعودی عرب 7 دہائیوں سے پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا تنویر حسین سے جاپانی سفیر کی ملاقات، کار ساز اداروں کو درپیش چیلنجز بارے آگاہ کیا

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی سعودی عرب کو جدید بنانے کی پالیسیوں کا معترف ہوں، محمد بن سلمان سعودی عرب کے لیے شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستان کی مشکل وقت میں مدد پرسعودی عرب کا مشکور ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کے لیے اہم خدمات انجام دے رہی ہے، ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کے تعاون کا مکمل یقین دلاتا ہوں، وہ وقت دور نہیں جب ہم کمپنیوں کی سطح پر معاہدے کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں