نماز عید کے اجتماعات کیلئے حفاظتی انتظامات

نماز عید کے اجتماعات کیلئے حفاظتی انتظامات

اخراجات کے لیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی،مساجد انتظامیہ،نمازی اوراہل خیر سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرگرم ،مرکزی داخلی دروازوں پر اسپرے فین نصب ہونگے ،نمازیوں سے ایس او پیز کی پابندی کرانے کیلئے نگران کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں،مساجد کے باہر ہدایات آویزاں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت ملک بھرکی طرح کراچی کی ہزاروں مساجد،امام بارگاہوں اورعید گاہوں میں نمازعید الفطرکی ادائیگی کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ،مساجد انتظامیہ کے علاوہ نمازی اوراہل خیر مساجد میں کورونا ایس اوپیز کے تحت سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں،مساجد اورعید گاہوں میں ایس او پیز کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے تاہم حفاظتی اقدامات پراٹھنے والے اخراجات کے لیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی ہے ۔کراچی سمیت سندھ بھرمیں عیدالفطرکی نمازکی ادائیگی کے لیے مساجد اورعیدگاہوں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیرکومدنظررکھتے ہوئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں کراچی میں مساجد اورعیدگاہوں کی انتظامیہ کی طرف سے اپنی مدد آپ کے علاوہ اہل خیرنمازیوں کی جانب سے شہرکی مختلف مساجد میں جراثیم کش مواد کے ذریعے مساجد کی تطہیر کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ عیدگاہوں میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیرکے تحت تیاریاں جاری ہیں ۔ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے مساجداورعیدگاہوں سمیت اطراف کے مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے ۔ عید الفطرکے موقع پرنمازیوں کوکورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے مساجد کی انتظامیہ باجماعت نمازعید کی ادائیگی کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی داخلی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کی بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے (اسپرے فین ) نصب کررہی ہیں جو سینٹائزر گیٹس کا کام کریں گے ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزر پنکھوں سے نمازیوں پر ڈیٹول ملے پانی اور دیگر کیمیکل کے محلول کا اسپرے کیاجائے گا، ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہے ۔نمازیوں کے لیے مساجد اور امام بارگاہوں میں داخلے سے قبل ہاتھ صابن سے دھونے کے لیے دروازوں کے باہربھی انتظامات کیے گئے ہیں۔دوسری جانب منتظمین کی جانب سے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی نمازیوں سے پابندی کرانے کے لیے نگران کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں ۔مساجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ عید کے اجتماعات میں بچوں اور بوڑھوں کو مساجد آنے کی اجازت نہ دی جائے ،بچے ، بوڑھے اور ایسے افراد جن کو کوئی بیماری ہو تو وہ عید اجتماع میں شرکت نہ کریں۔اس سلسلہ میں کئی مساجد کے باہرعید اجتماعات کے حوالے سے ہدایات بھی آویزاں کردی گئی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں