ضلع وسطی میں گھروں کے سامنے قائم تجاوزات کا صفایا

ضلع وسطی میں گھروں کے سامنے قائم تجاوزات کا صفایا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔

 جس میں بھاری مشینری کا استعمال کیاگیا ،اس موقع پر پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری کے ایم سی کی جانب سے فراہم کی گئی۔ آپریشن میں ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، انتظامیہ کے افسران، شعبہ انسداد تجاوزات، محکمہ بی، اینڈ آر، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے افسران و عملہ بھی موجود تھا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد ثنا طارق سیدنے لیاقت آباد بانٹوا نگر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔

جس کے نتیجے میں عمارتوں اور گھروں کے آگے غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی پختہ دیواروں کو بھاری مشینری کے ذریعے منہدم کردیا گیا، جبکہ دیواروں پر نصب الیکٹرک و گیس میٹر ہٹانے کے لئے مذکورہ اداروں کا عملہ بھی موجود تھا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ دادن خان لاشاری، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ گلبرگ زون میں قائم مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور دکانداروں کی جانب سے قائم تجاوزات کو اپنی نگرانی میں ختم کرایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں