اس وقت آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، جسٹس (ر)وجیہ الدین
کراچی (این این آئی)سربراہ عام لوگ اتحاد جسٹس (ر)وجیہ الدین احمد نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کسی بھی آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں ہے ،جلد بازی کا نتیجہ قوم بھگتتی ہے ،بزور طاقت کسی بھی آئینی ترامیم کومسترد کرتے ہیں۔۔۔
حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ متو سط اور غریب طبقے کو ضروریات زندگی اور گھر کی چھت فراہم کرے ،قبضہ گروپوں اور چائنہ کٹنگ کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرکے کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے لاکھوں مکینوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے کچی آبادی قانون کے تحت مالکانہ حقوق دیے جائیں۔غریب کم آمدنی والے شہریوں کو سستی رہائشی کالونیاں بنا کررہائش کی سہولتوں کے ساتھ صحت، تعلیم، روزگار،پانی اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جائے ۔یہ بات انہوں نے کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان ‘‘کاگف’’ کے تاحیات چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سے ملاقات میں کہی۔ صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے وجیہ الدین احمد کو 45 ویں آل پاکستان کچی آبادیز اینڈ گوٹھ کنونشن میں شرکت کی دعوت پیش کی جوانہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،باضمیر باہمت ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے آئینی پیکیج کو مسترد کرنے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں،وقت کے ساتھ آئین پاکستان میں بھی ترامیم کی ضرورت ہے مگر اس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزسے طویل مشاورت قومی فریضہ ہے۔