نوابشاہ میں امراض قلب کا علاج شروع، آصفہ نے افتتاح کیا

نوابشاہ میں امراض قلب کا علاج شروع، آصفہ نے افتتاح کیا

اسپتال دنیا کا سب سے بڑا مفت کارڈیک ہیلتھ نیٹ ورک بن چکا ہے ، خطاب

نوابشاہ (نمائندہ دنیا)نوابشاہ میں بھی امراض قلب کا علاج شروع ہوگیا، خاتون اول رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ایس آئی سی وی ڈی شہید بینظیر آباد کا افتتاح کردیا۔ ایس آئی سی وی ڈی شہید بینظیر آباد 55 بستروں پر مشتمل جدید ترین قلبی اسپتال ہے ، جہاں چوبیس گھنٹے ایمرجنسی، پرائمری اینجیوپلاسٹی اور بچوں کے دل کے امراض کا مکمل علاج بالکل مفت فراہم کیا جائے گا۔ جگہ کی کمی کے باعث اسے تعمیر کردہ نئی عمارت میں منتقل کرکے خدمات میں اضافہ کیا گیا ہے ، جس سے وسطی سندھ کے عوام کو زندگی بچانے والی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ نے کہا کہ ایس آئی سی وی ڈی اسپتال دنیا کا سب سے بڑا مفت کارڈیک ہیلتھ نیٹ ورک بن چکا ہے۔

اس جیسے ادارے سندھ کے عوام کے لیے امید کی کرن ہیں، جو بالخصوص غریب اور محروم طبقات کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کر رہے ہیں۔ تقریب میں سید غلام مصطفیٰ شاہ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، طبی ماہرین اور ایس آئی سی وی ڈی نیٹ ورک کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیرِ صحت سندھ نے کہا کہ حکومتِ سندھ ایس آئی سی وی ڈی جیسے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی سی وی ڈی صحت کے بنیادی ڈھانچے میں ایک نمایاں اضافہ ہے ، جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں