نصف سنچری سے زائد مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈکیت مارا گیا
نوشہرو فیروز پولیس کا کامیاب مقابلہ، عبداللطیف سے لوٹا گیا سونا، زیورات ودیگر برآمد
پڈعیدن، محراب پور (نمائندگان دنیا )نوشہرو فیروز پولیس سے مقابلے میں نصف سنچری سے زائد مقدمات میں مطلوب ڈکیت مارا گیا، تاہم اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق محراب پور میں پیروسن لنک روڈ پر علی کاٹن فیکٹری کے پاس مقابلے میں ایک ڈاکو عبداللطیف پہنور ولد حاجی گل عرف گل محمد کھاسائی ہلاک اور اسکے 3 ساتھی فرار ہوگئے ، پولیس ترجمان شوکت کلو کا کہنا ہے کہ ملزم پر 50 سے زائد مقدمات تھے ، جو سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گھروں میں ڈکیتی، قتل، اقدامِ قتل، پولیس مقابلوں اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھا، ڈاکو کے قبضے سے پستول، گولیاں ، سونا، طلائی زیورات اور ایک الٹو کار برآمد ہوئی، لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔
پڈعیدن پولیس نے مغوی بچہ بازیاب کرا لیا۔ 10 دن قبل عمران کو اٹھایا گیا تھا، پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع، خفیہ معلومات اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران تھانہ قمرالدین کی حدود میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اغوا طالبعلم عمران ولد کریم بخش کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور اغواکاروں مقابلہ ہوا، تاہم پولیس نے ایک ملزم رحیم چانڈیو کو گرفتار کرلیا۔ جس سے ایک پستول اور 2 دستی بم برآمد ملے ، ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے لایا گیا جس میں اس پر 19 سے زائد مقدمات درج ہیں۔