ہیوی ٹریفک نے 3افراد کی جان لے لی،رواں سال اموات 253تک پہنچ گئیں
ٹرک کی ٹکر سے فیکٹری سپروائزر ، ٹریلر نے نوجوان اورسپر ہائی وے پرٹریلر نے موٹرسائیکل سوار کوکچل دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر تین افراد جان سے گئے شہر میں رواں برس ہیوی ٹریفک کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 253 تک پہنچ گئی ہے ۔ شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کی زد میں آ کر شہریوں کی جانیں جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ 24 گھنٹوں کے دوران لانڈھی، سپر ہائی وے اور ماڑی پور میں ہیوی ٹریفک نے تین افراد کی زندگیاں چھین لیں۔ سکھن تھانے کی حدود لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ٹرک کی ٹکر سے فیکٹری کا سپروائزر حذیفہ جاں بحق جبکہ عرفان نامی نوجوان زخمی ہو گیا جاں بحق ہونے والے نوجوان اور اسکے چھوٹے بھائی کی ایک مہینے بعد اکٹھے شادی ہونے والی تھی۔
ادھر ماڑی پور کے علاقے ماڑی پور بریکس حنفیہ مسجد کے قریب ٹرالر کے ٹائروں تلے آ کر 18 سالہ نوجوان مطیع اللہ جان سے گیا ٹریفک حادثے میں اس کا بھائی بلال بھی زخمی ہو گیا، گڈاپ تھانے کی حدود سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب بھی ٹرالر نے پیٹرول پمپ پر کھڑے موٹرسائیکل سوار غلام محمد کو روندیا۔پولیس نے تینوں ٹریفک حادثات میں ملوث گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے کر ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا ہے ۔