محراب پور:دوشہری قتل کرنیوالے 2 ڈاکو منطقی انجام کوپہنچ گئے

محراب پور:دوشہری قتل کرنیوالے 2 ڈاکو منطقی انجام کوپہنچ گئے

وقار، اشرف عرف اچھو نوناری گودو نہر کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاکملزمان کے فرار ساتھیوں کی تلاش کیلئے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن

محراب پور(نمائندہ دنیا)محراب پور میں دوران ڈکیتی غلام شبیر شر اور عمران مغل کے دوہرے قتل میں ملوث ڈاکو وقار نوناری اور اشرف عرف اچھو نوناری گودو نہر پر یوریا گودام کے پاس مبینہ پولیس مقابلے اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئے ۔ ضلعی پولیس ترجمان نوشہرو فیروز شوکت کلو کے مطابق محراب پور شہر میں بینک کے پاس ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر غلام شبیر شر اور عمران مغل کے قتل میں ملوث ڈاکو وقار نوناری ولد خادم حسین نوناری اور اشرف عرف اچھو نوناری ولد وزیر نوناری گودو نہر پر یوریا گودام کے پاس پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہو گئے ، ملزمان نے معمول کے مطابق گودو نہر پر گشت کرنے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں دونوں ہلاک ہوگئے۔

جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ، ہلاک ڈاکوؤں سے دو بغیر لائسنس پستول، گولیاں اور دو لاکھ روپے ملے ہیں، محراب پور کی سیاسی، سماجی تنظیموں نے ڈاکوؤں کی ہلاکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 13 لاکھ روپے کے لئے دو بے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے والے ڈاکو منطقی انجام کو پہنچ کر عبرت کا نشان بن گئے ، پولیس اب ان کے سہولت کار اور سرپرستی کرنے والوں کو بھی سامنے لائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں