میرپور خاص:سوسائٹی مالک وکیل کے قتل کیخلاف وکلا کی ہڑتال
عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا، چوہدری شہزاد قتل کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ہاؤسنگ اسکیم مالک ایڈووکیٹ چوہدری شہزاد کے قتل کے خلاف وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی، انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، کیس میں 10 سے زائد ملزمان نامزد کئے گئے ، مرحوم کو سپرد خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نجی ہاؤسنگ اسکیم کے مقتول مالک ایڈووکیٹ چوہدری شہزاد احمد کی نماز جنازہ نجی ہاؤسنگ اسکیم کے میدان میں ادا کر دی گئی، جس میں وکلا، سیاسی، سماجی شخصیت کے ساتھ عزیز واقارب سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقتول چوہدری شہزاد احمد کے قتل کی ایف آئی آر سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے پر مرحوم شہزاد کے بھتیجے گوہر رحمان کی فریاد پر انعام اور امداد لاشاری سمیت 10 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف 302 کے قلم کے تحت داخل کرلی گئی، ایڈوکیٹ چوہدری شہزاد کے بہیمانہ قتل کے خلاف ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار میرپور خاص کی جانب سے جمعہ کے روز عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا، وکلا کی جانب سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے ایڈوکیٹ چوہدری شہزاد کے بہیمانہ قتل کے خلاف مطالبہ کیا گیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔