دین کواجتماعی ترجیح نہ دینے سے امت مسلمہ زبوں ہوئی، تنظیم اسلامی
غزہ، فلسطین، کشمیر، روہنگیا، سوڈان میں مسلمانوں پرمظالم کے ہم سب ذمہ دارہم اجتماعی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا موثر بائیکاٹ تک نہیں کر پا رہے ، خطاب
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)امیر تنظیمِ اسلامی پاکستان شجاع الدین شیخ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ کی زبوں حالی اور پاکستان کے مسائل کی اصل وجہ دین کو اجتماعی ترجیح نہ دینا ہے ، پاکستان کی بقا صرف اور صرف اسلام میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیمینار کا موضوع دو بنیادی حصوں پر مشتمل ہے ۔امتِ مسلمہ کی حالتِ زار اور نظریہ پاکستان کی عملی تعبیر۔انہوں نے غزہ، فلسطین، کشمیر، روہنگیا اور سوڈان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات کے ذمہ دار صرف حکمران نہیں بلکہ ہم سب ہیں، کیونکہ ہم امت ہونے کا عملی نمونہ پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج ہم اجتماعی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا موثر بائیکاٹ تک نہیں کر پا رہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہماری ترجیحات میں دین شامل نہیں رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر قرآن سے تعلق مضبوط کرنا ہوگا اور دین کے نفاذ کے لیے پرامن، منظم اور غیر مسلح جدوجہد ضروری ہے ۔مفتی محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ میں تاخیر کی بنیادی وجہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر دین سے غفلت ہے ، اور اصلاح کا آغاز ہر فرد کو اپنے دائرہ اختیار سے کرنا ہوگا۔سیمینار سے ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔