پانی کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری کا اقدام

پانی کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری کا اقدام

پپری پمپنگ اسٹیشن پر نئی لائن کی تنصیب کا منصوبہ آخری مراحل میں داخلپرانی پپری پمپنگ اسٹیشن پر انٹرکنکشن اور مینٹی ننس کے شیڈول کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے ایک اور اہم ترقیاتی اقدام کیا جا رہا ہے ۔ کراچی واٹر سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت اولڈ پپری مین پر نئی مائلڈ اسٹیل واٹر ٹرانسمیشن پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، جس کی تکمیل کے بعد پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نئی بچھائی گئی واٹر ٹرانسمیشن لائن کو مکمل طور پر فعال اور آپریشنل بنانے کے لیے موجودہ نظام کے ساتھ انٹرکنکشن اور نامزد والوز کی تنصیب ناگزیر قرار دی گئی ہے۔ اسی مقصد کے تحت پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن پر انٹرکنکشن اور مینٹی ننس کے کام انجام دیے جائیں گے، جس کے باعث پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن کو چار روز کے لیے عارضی طور پر بند رکھنے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، یہ کام ہفتہ سے منگل تک جاری رہے گا۔

اس دوران پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی، تاہم نئی پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مینٹی ننس اور انٹرکنکشن کے باعث ملیر ، شاہ فیصل، ماڈل زون ٹاؤن کے کچھ علاقوں سمیت ایس پی ایل اور پی آئی اے میں فراہمی عارضی طور پر متاثر رہے گی جبکہ لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں