شہری اربوں روپے کی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں سے محروم
گزشتہ ایک سال میں46ہزار 555سے زائد موٹر سائیکلیں چوری و چھینی گئیںاے وی ایل سی صرف 1844موٹر سائیکلیں جبکہ 707گاڑیاں ریکور کرپائی
کراچی(رپورٹ:شہباز خان)سیف سٹی کیمرے نہ پولیس کا خوف کراچی میں لٹیروں نے شہریوں کو اربوں روپے مالیت کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کردیا۔گزشتہ ایک سال کے دوران 46 ہزار 555 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری و چھینی گئیں محتاط اندازے کے مطابق ایک موٹر سائیکل کی اوسط قیمت 40 ہزار روپے لگائیں جائے تو ایک سال میں 1 ارب 86 کروڑ 22 لاکھ روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں چوری و چھینی گئیں اعدادوشمار کے مطابق یومیہ کراچی میں 127 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی گئیں،یہی نہیں لٹیرے 12 ماہ میں 2 ہزار 175 سے زائد قیمتی گاڑیاں بھی لے اڑے۔
محتاط اندازے کے مطابق گاڑی کی اوسط قیمت 10 لاکھ روپے لگائیں جائے تو مالیت دو ارب 17 کروڑ 50 لاکھ روپے بنتی ہے مجموعی طور پر شہریوں کو مجموعی طور پر 4 ارب 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا رہا۔گزشتہ ایک سال کے دوران اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کی جانب سے چوری و چھینی جانے والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی ریکور کے لیے کی جانے والی کارروائیاں بھی مایوس کن رہیں اے وی ایل سی ایک سال کے دوران صرف 1844 جبکہ 707 گاڑیاں ہی ریکور کرپائی۔دوسری جانب اے وی ایل سی کے ہاتھوں گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ چوری و چھینی جانے والی زیادہ تر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پنجاب اور بلوچستان میں فروخت کی گئیں جبکہ پرزے مختلف بازاروں میں فروخت ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔