جماعت اسلامی کا 12 روزہ کراچی اولمپکس کا اعلان
ایونٹ کی رجسٹریشن 08سے 16جنوری تک جاری رہے گی،منعم ظفر نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا،پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں 21جنوری تا 01فروری کراچی اولمپکسمنعقد کیا جائے گا، کراچی اولمپکساٹھو آگے بڑھو کراچی کے عنوان سے نوجوانوں کو آگے بڑھانے ، ان کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کراچی کے روشن چہرے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ایونٹ کی رجسٹریشن 08تا 16 جنوری تک جاری رہے گی۔
جوجماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹریٹ ادارہ نورِ حق میں شام 6 بجے سے 11 بجے تک جبکہ آن لائن 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔ کراچی اولمپکس میں 16 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں ہاکی، کرکٹ، فٹبال، سٹی میراتھن، باکسنگ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال، رسا کشی، ڈوجنگ بال، سائیکلنگ، مارشل آرٹس، تھرو بال، روپ اسکیپنگ اور تیراندازی شامل ہیں۔ مقابلے یوسی، ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر منعقد کیے جائیں گے جبکہ یکم فروری کو اختتامی تقریب ہوگی۔پاکستان بالخصوص کراچی کو یہ برتری حاصل ہے کہ یہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، مگر بدقسمتی سے ریاستی سطح پر نوجوانوں کو آگے بڑھانے ، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔