حضرت داؤد علیہ السلام سے متعلق فلم کی نمائش پر پابندی کی درخواست مسترد
قابلِ اعتراض بات کی نشاندہی کی جائے ، جو فلم آپ نے خود دیکھی چاہتے ہیں دوسرے نہ دیکھیں،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے پیغمبر حضرت داؤد علیہ السلام کے متعلق بنائی گئی فلم کی نمائش پر پابندی کے لیے دائر درخواست ابتدائی مرحلے پر ہی مسترد کردی۔ آئینی بینچ کے روبرو فیصل احمد ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر عبدالرزاق نامی شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست میں وزارتِ اطلاعات و نشریات، پیمرا، فلم سنسر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حضرت داؤد علیہ السلام کے متعلق ایک کارٹون فلم بنائی گئی ہے ، جبکہ مسلمان ہونے کے ناطے ہم تمام انبیاء علیہم السلام کا احترام کرتے ہیں اور اس فلم کی نمائش اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے ۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ فلم میں کون سی قابلِ اعتراض بات ہے ، اس کی نشاندہی کی جائے ۔ جسٹس یوسف سعید نے وکلاء سے سوال کیا کہ کیا آپ نے یہ فلم دیکھی ہے ؟ وکیل کے جواب پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو فلم آپ نے خود دیکھی ہے ، چاہتے ہیں کہ وہ دوسرے نہ دیکھیں۔