کیماڑی میں 850 ملین روپے کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد
اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی، اندرونی گلیوں میں پیور بلاکس بچھائے جا رہے ہیںاتحاد ٹاؤن کی بحالی انتہائی اہم منصوبہ جو دو اضلاع کو آپس میں ملاتا ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حب ریور روڈ تا طوری بنگش روڈ اتحاد ٹاؤن کی بحالی کے میگا انفرااسٹرکچر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، یہ منصوبہ 850 ملین روپے سے زائد لاگت کی ترقیاتی اسکیموں کا حصہ ہے جس کا مقصد شہری ترقی، بہتر سفری سہولیات، نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا حل اور کچی آبادیوں کو پائیدار ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ حب ریور روڈ تا طوری بنگش روڈ اتحاد ٹاؤن کی بحالی ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جو دو اضلاع کو آپس میں ملاتا ہے اور اورنگی، کیماڑی اور اطراف کے علاقوں کے لیے ایک بڑی شاہراہ کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 80 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور حب ریور روڈ کو ڈوئل کیرج وے میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے ،میئر کراچی نے کہا کہ 12 ہزار 500 فٹ طویل ڈوئل کیرج وے کی تعمیر ٹریفک روانی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ، منصوبے میں 8 ہزار فٹ جدید ڈرینیج سسٹم شامل کیا گیا ہے جبکہ نکاسی آب کی بہتری کے لیے 21 ہزار فٹ سے زائد آر سی سی پائپ لائن بچھائی جائے گی، ان اقدامات سے علاقے میں برساتی پانی اور سیلابی صورتحال کا خاتمہ ممکن ہوگا،انہوں نے کہا کہ حب ریور روڈ پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی جبکہ طوری بنگش کی اندرونی گلیوں میں پیور بلاکس بچھائے جا رہے ہیں۔