غیرت کے نام پرمیاں بیوی کا قتل،مقدمہ درج

غیرت کے نام پرمیاں بیوی کا قتل،مقدمہ درج

ایف آئی آر میں مقتولہ کے تین بھائی اور ایک کزن کو نامزد کیا گیا بھائی نے پسند کی شادی کی تھی، بھابھی کے گھر والے ناراض تھے ،مدعی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لاسی گوٹھ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے لرزہ خیز قتل کے واقعے میں اہم انکشافات سامنے آگئے ۔تفصیلات کے مطابق لاسی گوٹھ میں غیرت کے نام پر ایک میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا۔سہراب گوٹھ تھانے میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر میں مقتولہ کے تین بھائی اور ایک کزن کو نامزد کیا گیا ہے ۔مدعی مقدمہ نے بتایا کہ مقتول بھائی نصر اللہ نے 2025 میں پسند کی شادی کی تھی، جس پر بھابھی کے گھر والے خاص طور پر بھائی سخت ناراض تھے ۔مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ واقعے کے دن مدعی خود بھی بھائی اور بھابھی کے گھر موجود تھا کہ اچانک بھابھی کا بھائی فدا حسین پستول لے کر اندر داخل ہوا۔

اس کے ساتھ منظور علی اور رزاق بھی پستول ہاتھ میں تھامے اندر داخل ہوئے ، جبکہ شمن علی نے چھری پکڑی ہوئی تھی۔ملزمان نے وحشیانہ انداز میں بھائی اور بھابھی پر فائرنگ کی اور بعد میں چھریوں سے وار بھی کیے دونوں کے جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگی اور متعدد زخم آئے ۔مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ مدعی بھاگ کر اپنی جان بچا سکا اور شور شرابہ کیا، جس پر محلے والے جمع ہونے لگے ، تاہم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔بھائی نے مزید بتایا کہ بھابھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ بھائی اسپتال جاتے ہوئے فوت ہوگیا تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں