مٹیاری:عدالتی پابندی کے باوجود درختوں کی کٹائی جاری
محکمہ جنگلات کاعملہ چھٹیوں پر، مافیا درخت کاٹ کرفصلیں کاشت کرنے لگی
مٹیاری (نامہ نگار)عدالتی اور حکومتی پابندی کے باوجود مٹیاری میں قیمتی درخت کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے ، بعض افسران کی کرپشن کے باعث ایسے افراد کے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں آسکی ہے ، جس کی وجہ سے قیمتی سرکاری درخت کاٹ کرمہنگے داموں فروخت کیے جانے لگے ہیں، محکمہ جنگلات کے بیلدار سمیت دیگر عملہ چھٹیوں پر جانے سے درخت کاٹنے والے افراد کی چاندی ہوگئی، وہ درخت کاٹ کر سرکاری زمینوں پر فصلیں کاشت کرنے لگے ہیں، سال 2022 میں کاشت کی جانے والی اسکیم 100 ایکڑ پر محیط تھی۔
فی ایکڑ کی مالیت 8 سے 10 لاکھ روپے تک ہے ، جسے کاٹ کر فروخت کیا گیا ہے ، سیکھاٹ، مٹیاری، ہالا، کھیبرانی اور سالارو کے کچے کی زمینیں لاکھوں روپے کے عوض دی گئی ہیں، مجموعی طور پر 11 ہزار مٹیاری، 7 ہزار کھنڈو، 6 ہزار سالارو، 13 ہزار خانوٹ سمیت 42ہزار ایکڑ سرکاری زمینوں پرمافیا کا قبضہ ہے ، جسے سرکاری اور بااثر افراد کی سرپرستی حاصل ہے ، جبکہ سرکاری 42 ہزار ایکڑ کو 5 کروڑ کے عوض ٹھیکے پر دیا گیا ہے۔