پارک سے 3سالہ بچے کے اغوا کا ڈراپ سین
نوبیاہتا جوڑا انس کو لیاقت آباد اپنے گھر لے آیا،ویڈیو سے سراغ ملا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد فتح پارک سے تین سالہ انس کے مبینہ اغواء کا ڈراپ سین، بچہ اغواء نہیں بلکہ گمشدہ ہوا تھا،واقعہ کا مقدمہ تھانہ حیدری میں اغواء کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا تھا۔تفتیشی حکام کے مطابق پارک میں سیر وتفریح کی غرض سے آئے نوبیاہتا جوڑے کی نظر بچے پر پڑی لیاقت آباد کے رہائشی میاں بیوی نے انس کو اٹھایا اور پارک انتظامیہ کے پاس گئے میاں بیوی نے پارک کے چوکیدار کو گمشدہ بچے کے حوالے سے آگاہ کیا پارک کے چوکیدار نے بچے کو لینے سے انکار کردیا پارک کے چوکیدار نے نوبیاہتا جوڑے کو کہا کہ بچہ اپنے ساتھ لے جائیں ہماری کوئی ذمہ داری نہیں شہری نے پارک کے چوکیدار کو اپنا رابطہ نمبر دینا چاہا تو اس نے نمبر لینے سے انکار کردیا۔
میاں بیوی انس کو لیاقت آباد اپنے گھر لے آئے نوبیاہتا جوڑے نے بچے کا اچھے سے خیال رکھا،تفتیشی حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر انس کو ساتھ لے جاتے ہوئے میاں بیوی کی ویڈیو وائرل ہوئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لیاقت آباد کے رہائشی نے پولیس سے رابطہ کرکے انس کے بارے میں بتایا ۔ابتدائی بیان میں میاں بیوی نے بتایا کہ وہ ڈر گئے تھے اس لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا میاں بیوی نے بتایا کہ جس وقت بچہ ملا اسے شدید بخار تھا حکام کے مطابق تمام تر صورتحال میں پارک انتظامیہ نے غفلت کا مظاہرہ کیا تاہم واقعہ کے حوالے سے نوبیاہتا جوڑے اور پارک کے چوکیدار سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔