سکھر:انسداد تجاوزات ٹیم کا گھیراؤ، کارروائی سے روک دیا
اسسٹنٹ کمشنر کا کاروباری وتجارتی مراکز کا دورہ، شاہی بازار میں گھیراؤ ہواانتظامی افسران نے فرار میں غنیمت جانی، سیاسی مداخلت کی گئی، شہری حلقے
سکھر (بیورو رپورٹ)خاتون اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیم اور بلدیہ اعلیٰ سکھر کی انسداد تجاوزات فورس کے ہمراہ تجارتی و کاروباری مراکز کا دورہ کرکے تجاوزات کے قیام پر جرمانے عائد کئے ، متعدد تاجروں کو ہدایات دی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں، تاہم یہ آپریشن اس وقت ناکام دکھائی دیا جبکہ انکروچمنٹ ٹیم افسران کے ہمراہ شاہی بازار سکھر پہنچی تو شاہی بازار کے تاجروں نے کارروائیوں سے بچنے کیلئے خاتون اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم کا گھیراؤ کر لیا اور انہیں کارروائی سے روک دیا، جس کے بعد انتظامی افسران نے خاموشی سے راہ فرار اختیار کرلی، تاہم شہری حلقوں کی جانب سے شاہی بازار میں پیش آئے واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انتظامیہ اب تجاوزات کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کرے۔
ماضی کی طرح اس بار بھی سیاسی مداخلت کے باعث معاملہ ٹھنڈا پڑتا دکھائی دے رہا ہے اور خدشہ ہے کہ چند رسمی ملاقاتوں اور روایتی کارروائیوں کے بعد صورتحال ایک بار پھر وہیں کی وہیں آ جائے گی، عوامی حلقوں میں یہ تاثر بھی عام ہے کہ ہمیشہ کی طرح تاجر نمائندے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر جا کر اجرک پہنائیں گے ، تصاویر بنیں گی اور پھر سب کچھ سب اچھا قرار دے دیا جائے گا، نتیجتاً فٹ پاتھوں، سڑکوں اور گزرگاہوں پر تجاوزات برقرار رہیں گی اور عام شہری ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہیں گے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر واقعی قانون کی عملداری مقصود ہے تو نمائشی اقدامات کے بجائے مستقل اور غیر جانبدار کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر ایسے واقعات دوبارہ جنم لیتے رہیں گے ۔