بلدیہ عظمٰی : 5.54 ارب روپے کا سڑکوں کی بحالی پروگرام شروع

بلدیہ عظمٰی : 5.54 ارب  روپے کا سڑکوں کی بحالی پروگرام شروع

پروگرام کا مقصد شہری آمدورفت کو بہتر بنانا اور جدید و پائیدار انداز میں شہر کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنا ہے بحالی منصوبے کے تحت 26 اندرونی سڑکوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی مجموعی لمبائی 68کلو میٹر ہے ،ٹینڈرز جاری

کراچی (این این آئی)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی مختلف سڑکوں کی بحالی کا ایک جامع پروگرام شروع کر دیا ہے جس کی تخمینی لاگت 5.54 ارب روپے ہے ، اس پروگرام کا مقصد شہری آمدورفت کو بہتر بنانا اور جدید و پائیدار انداز میں شہر کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنا ہے ،سندھ حکومت کے بہتر رابطہ کاری اور شہریوں کو محفوظ اور ہموار سفر کی سہولت فراہم کرنے کے وژن کے مطابق اس بحالی منصوبے کے تحت 26 اندرونی سڑکوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی مجموعی لمبائی 68 کلو میٹر ہے ، یہ سڑکیں رہائشی اور تجارتی علاقوں کو کراچی کی بڑی شاہراہوں سے ملانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور روزانہ بڑی تعداد میں شہری ان پر سفر کرتے ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا گیا ہے تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان ہدایات کی روشنی میں ٹینڈرز جاری کردیے گئے ہیں اور عملی کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے تاکہ زمینی سطح پر پیشرفت تیز ہو اور عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ،منتخب سڑکیں کراچی کے مختلف اضلاع اور ٹاؤنز میں واقع ہیں ،ان تمام سڑکوں کی بحالی پر مجموعی لاگت 5,530 ملین روپے آئے گی،ان سڑکوں کا انتخاب ٹریفک کے دباؤ، عوامی استعمال اور روزمرہ آمدورفت و معاشی سرگرمیوں میں ان کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ، بحالی کے کام سے سڑکوں کی سطح بہتر ہوگی، پائیداری میں اضافہ ہوگا اور ٹریفک کے بہاؤ اور سڑکوں کی حفاظت میں بہتری آئے گی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی مسلسل حمایت کے ساتھ کے ایم سی کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور دیرینہ شہری مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے ،میئر کراچی نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان پیپلز پارٹی کے کراچی اور اس کے باسیوں سے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی قیادت شہر بھر میں نمایاں بہتری لانے پر مرکوز ہے ،انہوں نے کہاکہ ہمارا مشن پائیدار ترقی اور مؤثر حکمرانی کے ذریعے کراچی کو تبدیل کرنا ہے ، سڑکوں کی بحالی کے یہ منصوبے کراچی کو ایک بار پھر متحرک، بہتر طور پر منسلک اور رہنے کے قابل حقیقی روشنیوں کا شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں