ملیر ندی پل مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت
منصوبے کی لاگت 3 ارب 6 کروڑ 66 لاکھ 90 ہزار روپے ہے ، اب تک 61.6 فیصد مالی اخراجات کیے جا چکے ہیں،مراد علی شاہ ترقیاتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ،وزیر اعلیٰ کی ہدایت ،مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم کا دورہ،زیرِ تعمیر پل کا معائنہ کیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر ندی پل منصوبے کو مئی 2026 میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر انجینئر اورنگزیب وسٹرو (ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر) اور انجینئر عمران میمن کی قیادت میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے ملیر ندی پر نیشنل ہائی وے فائیو (مرغی خانہ) کراچی میں زیرِ تعمیر پل کا معائنہ کیا جس کی لاگت 3 ارب 6 کروڑ 66 لاکھ 90 ہزار روپے ہے ۔دورے کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے تکنیکی عملے ، جن میں انجینئر کامران (اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر)، انجینئر منہاج الدین نصری (ریزیڈنٹ انجینئر) اور کنسلٹنٹس شامل تھے ، کے ہمراہ تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار دونوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
موقع پر معیار کی جانچ کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن میں کنکریٹ کی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے شمٹ ہیمر کے ذریعے نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹ بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ گرڈرز اور ٹرانسم کے سائز کی پیمائش کی گئی تاکہ ڈیزائن کی وضاحتوں پر عمل درآمد کی تصدیق ہو سکے ۔اپنی مشاہدات میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمد کرنے والے ادارے کو بعض امور فوری طور پر حل کرنے کا مشورہ دیا تاکہ باقی ماندہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہو سکے ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبے پر اب تک 61.6 فیصد مالی اخراجات کیے جا چکے ہیں، ترقیاتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے ، منصوبے کو مئی 2026 سے تک مکمل کیا جائے۔
چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ اور ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی و ترقی الطاف ساریو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی پیش رفت 65 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مالی اخراجات 61.6 فیصد ہیں۔ پی اینڈ کی ٹیم نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ منصوبے پر کام کی رفتار اطمینان بخش ہے ، سائٹ پر کنکریٹ کی مضبوطی جانچنے کے لیے نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ گرڈرز اور ٹرانسم کے سائز کی پیمائش بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو یوٹیلیٹی منتقلی میں تاخیر پر لیٹرز جاری کرنے کی ہدایت کردی، ریمپس کے لیے بجری اور ایگریگیٹ بیس کا اسٹاک فوری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مٹیریل کی بروقت دستیابی سے منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔منصوبہ بندی و ترقی ٹیم نے آگاہ کیا کہ مجموعی طور پر منصوبے پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کے الیکٹرک کو بھی یوٹیلیٹی منتقلی کے عمل میں تیزی لانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ۔