گھوٹکی:بیوی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم، 5 لاکھ روپے جرمانہ
گھوٹکی(نمائندہ دنیا)گھوٹکی کی عدالت نے بیوی کو قتل کرنے کے جرم میں ملوث شوہر کو سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج نزاکت علی ٹانوری کی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبدالقادر وسیر کو پھانسی کی سزا کے ساتھ پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم نے دو سال قبل اپنی اہلیہ گلشن کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بیٹے مقصود وسیر کی مدعیت میں اے سیکشن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملزم عبدالقادر وسیر کو سخت سکیورٹی میں سینٹرل جیل سکھر منتقل کر دیا گیا۔