حیدر آباد:غیر قانونی آتشبازی کا سامان بیچنے والوں کیخلاف کارروائی
پاکستان چوک پر حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث 3 دکانیں سیل کی گئیںبڑی مقدار میں آتش بازی کا مواد ضبط، گنجان آبادی میں اجازت نہیں دینگے ، انتظامیہ
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد و کنٹرولر سول ڈیفنس زین العابدین میمن اور اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی سید نور حسین کی ہدایات پر شہر میں غیر قانونی آتش بازی کا سامان بیچنے والوں کیخلاف مشترکہ کارروائی کی گئی۔ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس ثاقب علی کی قیادت میں سول ڈیفنس کی ٹیم نے اسسٹنٹ مختارکار تعلقہ سٹی عمران کے ہمراہ پاکستان چوک میں معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران تین آتش بازی کی دکانیں حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئیں، جنہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے بڑی مقدار میں آتش بازی اور خطرناک مواد ضبط کر لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں آتش بازی کی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کی صورت قبول نہیں ہے ، ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور جان و مال کے تحفظ کے لیے اس قسم کی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے قبل ہی بروقت کارروائی کی جا سکے ۔